نئی دہلی، 6 جنوری (آئی این ایس انڈیا) ایک کمیٹی نے منگل کو نیشنل گرین ٹریبونل کو بتایا کہ اترپردیش حکومت کی ہدایت کے باوجود کانپور میں رانیہ اور راکھی منڈی میں پڑے کرومیم کچرے کو ہٹانے کے لئے کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔
الہ آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ایس وی ایس راٹھور کی سربراہی میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی نے ٹریبونل کو بتایا کہ ٹینڈر کو منسوخ کردیا گیا ہے اور اب نیری، ناگپور کا دوبارہ جائزہ لے کر مطالعہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد نئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کچرا ہٹانے کے کام میں تقریبا 6ماہ کی تاخیر ہوگی۔
گنگا ندی میں نالوں کی نکاسی کے معاملے میں کمیٹی نے کہا کہ اس سمت میں کام سست رفتاری سے جاری ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ میں صرف دو تین نالوں کو ہی صاف کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر نالوں میں بھی بہت سے اہم کام شروع نہیں ہوئے ہیں۔ گرین ٹریبونل کے حکم کی تعمیل نہیں کرنے پر ریاستی حکومت نے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی طرف سے عائد 18 کروڑ روپے جرمانہ ابھی تک جمع نہیں کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ ٹھوس کچرے کو ضائع کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 شہروں میں روزانہ 3275 ٹن فضلہ خارج ہوتا ہے اور ان کے علاج کی گنجائش روزانہ 2650 ٹن ہے۔4
بڑے شہروں کانپور، وارانسی، پریاگراج اورقنوج کی اس میں 81 فیصد حصہ داری ہے۔ نیز مقامی بلدیاتی اداروں میں ڈمپنگ گراؤنڈ یا پیوریفیکیشن پلانٹ نہیں ہیں۔ کل 652 شہری بلدیاتی اداروں میں سے 70 ابھی تک اس کے لئے اراضی کی نشاندہی نہیں کرسکے ہیں۔ ٹریبونل نے اتر پردیش کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ وہ 1976 سے کانپور کی رانی اور راکھی منڈی میں پڑے کرومیم کوڑے دان کو فوری طور پر ٹھکانے لگائے جانے کو یقینی بنائیں۔